ورلڈ آٹزم ڈے: وزیراعلیٰ مریم نواز کا خصوصی بچوں کی تعلیم و بحالی کے عزم کا اعادہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ آٹزم آگاہی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں آٹزم میں مبتلا بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے لیے حکومتی عزم کو دہرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹزم کے شکار افراد کے حقوق کا تحفظ، ان کی سماجی شمولیت اور معاشرے میں مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آگاہی کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے مؤثر عملی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سنٹر کے قیام کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں قائم سکول آف آٹزم ایک منفرد ادارہ ہے جہاں ابتدائی مرحلے پر آٹزم کی تشخیص کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبہ بھر کے 27 ڈویژنل پبلک سکولوں میں آٹزم سنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں اور آٹسٹک بچوں کے علاج و بحالی کی سہولیات کو ہر ضلع کی سطح تک وسعت دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق “مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سنٹر فار آٹزم” صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک سماجی انقلاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے اللہ کی نعمت ہیں اور معاشرے کو ان کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سپیشل طلبہ کے لیے ہمت کارڈ، سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کے لیے ٹرانسپورٹ، 28 اداروں کو سنٹر آف ایکسی لینس میں اپ گریڈ کرنے اور صوبہ بھر میں 70 خصوصی بسوں کی فراہمی جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں 313 سپیشل ایجوکیشن اداروں کی بہتری اور ہر ضلع میں سنٹر آف ایکسی لینس کے قیام کے لیے کوشاں ہے، جہاں ہزاروں خصوصی بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آٹزم میں مبتلا بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
