(لاہور نیوز) شہر کی مصروف شاہراہ شملہ پہاڑی پر ٹریفک کا شدید بحران کئی ہفتوں سے برقرار ہے، جہاں دن ہو یا رات شہریوں کیلئے گزرنا ایک اذیت بن چکا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق سکیورٹی کے نام پر جگہ جگہ بیریئرز لگانے سے سڑکیں انتہائی تنگ ہو گئی ہیں، جس کے باعث ٹریفک کا بہاؤ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، ڈیورنڈ روڈ، ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، ایمپریس روڈ اور ایبٹ روڈ سے آنے والی ٹریفک شملہ پہاڑی پر آ کر رک جاتی ہے، جس سے طویل ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایجرٹن روڈ اور ڈیوس روڈ سے آنے والوں کو شملہ پہاڑی پر رکنا پڑتا ہے، جبکہ دیگر اطراف سے آنے والی گاڑیاں بھی اسی مقام پر پھنس جاتی ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی وارڈن موجود نہیں ہوتا، جس کے باعث ڈرائیور اپنی مرضی سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں داخل کر دیتے ہیں اور بدنظمی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
شہریوں کے مطابق ٹریفک کی سست روی سے نہ صرف وقت اور ایندھن کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ فضائی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے انتظامیہ کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ٹریفک کی خراب صورتحال ایک بار پھر شہری انتظامیہ اور ٹریفک مینجمنٹ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئی ہے، جبکہ عوام روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔
