آئی جی پنجاب کا سانحہ مناواں پولیس ٹریننگ سکول کے شہداء، فیملیز کو خراج عقیدت
(لاہور نیوز) پولیس ٹریننگ سکول مناواں لاہور پر ہونے والے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کی آج 17 ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سانحہ مناواں کے بہادر شہداء اور ان کے اہلخانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 2009ء میں آج ہی کے دن دہشتگردوں نے پولیس ٹریننگ سکول مناواں پر حملہ کیا جس میں پولیس جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شہداء میں کانسٹیبل روحیل فیاض، رفیق الرحمٰن، عامر منیر، شاہد رضا اور غلام محی الدین شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، شہداء پولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال کا سلسلہ بدستور جاری رکھا جائے گا۔
