(ویب ڈیسک) حیدرآباد کنگز مین کے آل راؤنڈر صائم ایوب نے کہا ہے کہ آؤٹ آف فارم ان کیلئے پریشانی کا سبب نہیں بلکہ ایک نیا چیلنج ہے، اور وہ اس دوران زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب کا کہنا تھا کہ ان کا فوکس صرف نتائج پر نہیں بلکہ کھیل کے عمل سے تجربہ حاصل کرنے پر ہے، نئی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد ماحول توقع سے بہتر نکلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پہلے بھی کھیل چکے ہیں، جن میں امریکی اور ڈومیسٹک کھلاڑی شامل ہیں، کپتان مارنوس لبوشین خوش مزاج ہیں اور ٹیم میں دوستانہ ماحول ہے، جس وجہ سے کھیل کا تجربہ مزید دلچسپ ہو رہا ہے۔
صائم ایوب نے کہا کہ کسی بھی ٹیم سے توقعات ہمیشہ زیادہ رہتی ہیں، ٹیم مینجمنٹ نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں جارحانہ انداز اپنانے پر زور دیا ہے تاکہ کھلاڑی جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی عادت ڈال سکیں۔
آؤٹ آف فارم ہونے کے حوالے سے سوال پر صائم ایوب کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے ایک چیلنج ہے، کیریئر میں ایسے لمحات آتے رہتے ہیں، اور میں اس دوران چیزیں سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں، نتائج کی پرواہ کئے بغیر میں پراسس پر فوکس کر کے اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں۔
