(ویب ڈیسک) لاہور قلندرز کے بنگلادیشی کرکٹر پرویز حسین ایمون نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کھیلنے سے بنگلہ دیش کے کرکٹرز کو فائدہ ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز حسین ایمون کا کہنا تھا کہ میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کھیلنے کیلئے آیا ہوں اب تک سب کچھ اچھا جا رہا ہے، میں چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز کی طرف سے کھیلنے کیلئے بہت پُرجوش ہوں اور میں ٹیم کے ساتھ ایک ایک لمحے سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں پیسرز کا معیار بہت اچھا ہے، میں نے یہاں جو چیز مِس کی ہے وہ کراؤڈ ہے اس کے علاوہ یہاں سب کچھ اچھا ہے۔
پرویز حسین کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف جیسے فاسٹ باؤلرز کو نیٹس میں کھیلنا میرے لئے بہت اچھا ہے یہ میرے کیریئر کیلئے آنے والے وقت میں اچھا رہے گا، میں نے اپنی سکلز پر فوکس کیا ہوا ہے اور اسی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کروں گا۔
لاہور قلندر کے بنگلہ دیشی کرکٹر کا ماننا ہے کہ بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کیلئے بہت اچھا ہے کہ ہمیں پی ایس ایل میں موقع ملا ہے اور اس سے ہمیں فائدہ ہوگا، میں اس وقت نمبر چار پر کھیل رہا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ مجھے اسی پوزیشن پر رول دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے 6 کرکٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایکشن میں ہیں۔
