(لاہور نیوز) ڈیفنس لاہور میں 19 کروڑ روپے کی بڑی واردات کا واقعہ، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ، جس میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گجو متہ کے علاقے میں ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم گاڑی میں سوار ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ملزمان کو فائرنگ کرتے اور فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا تعاقب کیا، اور کچھ فاصلے پر دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو، جس کی شناخت زازے خان کے نام سے ہوئی، مارا گیا جبکہ ایک اور ملزم زخمی ہو گیا۔ زخمی ملزم کو اس کے ساتھی ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ایک ملزم عمران دری والا افغانستان فرار ہونے میں کامیاب ہو چکا ہے، جبکہ دیگر ملزمان فرار کے دوران ایک شہری سے گاڑی چھین کر جہلم پہنچ گئے۔ بعد ازاں گاڑی میں پٹرول ختم ہونے پر وہ اسے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان کا تعاقب دینہ تک کیا، تاہم ملزمان چکمہ دے کر چنگ چی رکشہ پر سوار ہو کر کسی ویران علاقے میں غائب ہو گئے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
