(لاہور نیوز) صوبے میں 12 سال کے طویل عرصے کے بعد سرکاری سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں اضافے کی تیاری شروع کر دی گئی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اضلاع سے سکولوں کے بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی بلز کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، حکام کے مطابق دسمبر 2025 کے یوٹیلیٹی بلز کی نقول کے ساتھ گزشتہ 12 ماہ کے مکمل اخراجات کی تفصیل بھی جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نظرثانی شدہ نان سیلری بجٹ فارمولے میں یوٹیلیٹی اخراجات کو اہم جزو بنایا گیا ہے، جس کے تحت سکولوں کے بجٹ میں ردوبدل متوقع ہے، اس اقدام کا مقصد وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اصل ضروریات کے مطابق فنڈز کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ فراہم کردہ تمام ڈیٹا مستند اور تصدیق شدہ ہونا چاہئے، تاکہ بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
حکام نے تمام اضلاع کو 27 مارچ 2026 تک مطلوبہ تفصیلات جمع کروانے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، جبکہ پی ایم آئی یو کی جانب سے بھی سکولوں کے اخراجات کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بجٹ میں بہتری کیلئے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
