(ویب ڈیسک) جنرل ہسپتال میں عید کی چھٹیوں کے دوران مریضوں کو بلا تعطل علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، انتظامی ڈاکٹرز اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے شرکت کی۔
پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے ہدایت کی کہ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر ہیلتھ پروفیشنلز سٹیشن نہ چھوڑیں اور تمام سٹاف تین شفٹوں میں اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ انتظامی ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس کو بھی ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں تاکہ مریضوں کی ہر ممکنہ طبی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔ ایم ایس اور ڈی ایس کی ٹیم بھی عید کے دنوں میں فعال رہے گی۔
علاوہ ازیں، پرنسپل نے بتایا کہ عید اور ٹرو کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین کو سپیشل کھانا فراہم کیا جائے گا۔ پروفیسر فریاد حسین نے سکیورٹی گارڈز کو ہدایت دی کہ وہ الرٹ رہیں اور سب سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں تاکہ ہسپتال میں نظم و نسق قائم رہے۔
شعبہ ورکس کے ملازمین کو ہدایت دی گئی کہ جنریٹرز اپ ڈیٹ رکھیں، جبکہ الیکٹریشن اور دیگر سٹاف کی ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنائی جائے۔
اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس صاحبان دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر اپنے سٹیشنز چھوڑ نہیں سکیں گے۔ ایم ایس نے واضح کیا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی تاکہ ہسپتال میں عید کے دوران بھی علاج معالجے کی سہولت متاثر نہ ہو۔
یہ اقدامات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ عید کی تعطیلات کے دوران بھی جنرل ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے اور سہولیات بلا تعطل فراہم ہوں۔
