(لاہور نیوز) پنجاب میں مسیحی عباداتی اور دعائیہ پروگراموں کے پیش نظر پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس گرجا گھروں اور اہم مقامات پر سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کریں۔
ترجمان پولیس کے مطابق سپروائزری افسران خود گرجا گھروں اور دیگر حساس علاقوں کا دورہ کرکے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیں۔
ذرائع کے مطابق حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری اور سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کریں گی تاکہ کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔
آئی جی پنجاب نے تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکمل الرٹ رہیں اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے۔
اس کے علاوہ علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان کو بھی بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ترغیب دی گئی ہے تاکہ پروگرام کے دوران امن و امان برقرار رہے۔
