(لاہور نیوز) صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوٹلی پیر عبدالرحمان کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 5 ٹن ناقص اور بدبودار فروزن چکن برآمد کر لیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملزمان آئسکریم اور قلفہ سٹوریج یونٹ کی آڑ میں مضر صحت گوشت ذخیرہ کر کے فروخت کرنے کا مکروہ دھندہ کر رہے تھے، کارروائی کے دوران سٹور کئے گئے گوشت کی رنگت نیلی اور کالی پائی گئی جو کہ بیمار مرغیوں کا گوشت تھا اور انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر قرار دیا گیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ناقص گوشت تلف کر دیا جبکہ متعلقہ یونٹ کو سیل کر کے ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یونٹ کے باہر آئسکریم اور قلفہ کا بورڈ لگا کر جعلسازی کی جا رہی تھی اور شہریوں کی صحت سے خطرناک کھیل کھیلا جا رہا تھا، چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر غذائی دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ فوڈ فراڈ عناصر کیلئے قانون کو مزید سخت کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے کاروبار بند کر دیا جائے گا۔
