نگہبان رمضان پیکج کی مانیٹرنگ، صوبائی وزیر لیبر کا سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کا دورہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر نگہبان رمضان پیکج اور مریم نواز راشن کارڈ پروگرام کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف سوشل سکیورٹی لاہور سٹی کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ذوالفقار علی کھرل بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے ڈائریکٹوریٹ میں جاری صنعتی ورکرز کی بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا اور رجسٹرڈ محنت کشوں کو مریم نواز راشن کارڈ کی فراہمی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے موجود محنت کشوں سے براہ راست ملاقات کی، جنہوں نے راشن کارڈ کے ذریعے ملنے والی سہولت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے بتایا کہ مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے محنت کش 10 ہزار روپے تک کا راشن یا نقد رقم حاصل کر سکتے ہیں، سوشل سکیورٹی سے رجسٹرڈ ایسے ورکرز جن کے پاس کارڈ موجود نہیں، وہ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بینک آف پنجاب نے ادائیگی کیلئے آسان طریقہ کار متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ورکرز کو موبائل فون پر چھ ہندسوں پر مشتمل خفیہ پن کوڈ ارسال کیا جاتا ہے، محنت کش قریبی HBL Konnect، UBL Omni یا Alfa Pay ایجنٹ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق اور پن کوڈ کے بعد فوری طور پر 10 ہزار روپے وصول کر سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اس رقم پر کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی اور مریم نواز راشن کارڈ محنت کش طبقے کیلئے ایک بڑا ریلیف ثابت ہو رہا ہے۔
