موبائل سنیچر اور موٹرسائیکل چور گینگ کے خلاف پولیس کا ایکشن، دو ملزمان گرفتار
(لاہور نیوز) موبائل سنیچنگ اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگ کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر کی گئی، خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے دوران چیکنگ کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی عدنان موبائل سنیچر و موٹرسائیکل چور گینگ کو گرفتار کیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ عدنان اور اس کا ساتھی وقاص شامل ہیں۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 4 موبائل فونز، 2 موٹر سائیکلیں اور 2 پستول میگزینز سمیت گولیاں برآمد کی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہریوں سے موبائل فون چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹرسائیکلیں بھی مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھیں۔
