(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں یومِ شہادت حضرت علیؓ کے سکیورٹی پلان اور ماڈل ٹاؤن و کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یومِ علیؓ کے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، ایس پی سکیورٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یومِ علیؓ کے موقع پر 8 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے، مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا اور اسے چار درجاتی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
سی سی پی او نے میٹرو بس روٹس اور اہم مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کی ہدایت بھی کی جبکہ باٹا پور سے برآمد ہونے والے عزاداری جلوس کے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، انہوں نے کہا کہ اس موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں، یوم القدس ریلی اور عیدالفطر کے سکیورٹی انتظامات پر بھی غور کیا گیا، سی سی پی او نے نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام، موٹر سائیکل چوری اور سنیچنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور بی کیٹیگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فیلڈ میں پولیس گشت مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
