(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پنجاب سمیت دنیا بھر کی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ہر اس عورت کی آواز ہیں جسے کبھی دبایا گیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی بیٹی اب کمزور نہیں بلکہ ریاست کا مضبوط ترین بازو ہے، وہ مظلوم نہیں بلکہ معمارِ وطن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، تحفظ اور صحت کی سہولت سے لے کر اقتدار کی راہداریوں تک آج پنجاب کی عورت بااختیار ہو چکی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کی بیٹیوں کو صرف اعداد و شمار تک محدود نہیں رہنے دیا بلکہ انہیں پالیسی ساز، محافظ اور مفکر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نگرانی میں اب کسی کو یہ جرات نہیں ہوگی کہ وہ پنجاب کی کسی بیٹی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ پنجاب کی بیٹیاں ان کی "ریڈ لائن" ہیں اور ان کے تقدس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عورت کو صرف خواب دیکھنا نہیں بلکہ انہیں حقیقت میں بدلنا بھی سکھایا جا رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب میں بیوہ خواتین کو سہارا دینے کے لیے "رحمت کارڈ" متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ وہ خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے وائی فائی، لیپ ٹاپ، ای بائیکس اور "ہونہار سکالرشپ" جیسے پروگراموں کو یقینی بنایا گیا ہے۔
خواتین کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سی ڈی ڈی اور پینک بٹن جیسے فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب میں پہلا ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے خواتین کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارڈر ملٹری پولیس میں پہلی بار خواتین کی شمولیت ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس کے علاوہ جن خواتین کے پاس اپنی چھت نہیں تھی ان کے لیے "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین اور ان کے بچوں کے لیے پنجاب بھر میں ہیلتھ سیکٹر کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ خواتین کو آسان کاروبار، روزگار، پیڈ انٹرن شپس اور تربیت کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پنک گیمز" کے ذریعے پنجاب کی بیٹیوں کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ پنجاب کی ہر بیٹی کو اس مقام پر دیکھنا چاہتی ہیں جہاں وہ کسی کی محتاج نہ ہو کیونکہ جب ایک عورت بااختیار ہوتی ہے تو پوری نسل بااختیار ہو جاتی ہے۔
