(لاہور نیوز) غالب مارکیٹ، نصیرہ آباد اور شادمان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 14 منچلوں کو گرفتار کر لیا جو شہر کی مختلف شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ہلڑبازی میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو دورانِ پٹرولنگ مین شاہراہوں سے حراست میں لیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے کے بعد ون ویلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا گیا تھا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے بتایا کہ ملزمان صبح سویرے اور رات کے اوقات میں مصروف شاہراہوں پر خطرناک کرتب دکھاتے تھے، جس سے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی گئی ہیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی شہربانو نقوی کا کہنا تھا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کیلئے خطرہ بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
