ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے سدباب کیلئے پیرا بہترین فورس ہے، آئی جی پنجاب
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے سدباب کیلئے پیرا بہترین فورس ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم سے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے ڈائریکٹر جنرل فرخ عتیق کی سینٹرل پولیس آفس میں ملاقات ہوئی، جس میں اتھارٹی کے مقاصد، درپیش چیلنجز اور اب تک کی کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی پیرا نے آئی جی پنجاب کو ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا، اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عوامی فلاح و بہبود کیلئے پیرا ایک شاندار منصوبہ ہے۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے پیرا کی تشکیل، ہیومن ریسورس، آپریشنل اور ٹیکنیکل امور میں بھرپور معاونت فراہم کی ہے، تجاوزات، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے سدباب کیلئے پیرا کو ایک مؤثر فورس قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فیز ون میں پیرا کو تین ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فراہم کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیز ٹو میں پنجاب پولیس پیرا کو مزید ہیومن ریسورس اور اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرے گی، پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پیرا افسران و اہلکاروں کو 18 ہفتوں کی جدید ٹریننگ دی جا چکی ہے جبکہ مزید 1300 سارجنٹس اور انویسٹی گیشن افسران کو بھی جدید ترین تربیت فراہم کی جائے گی۔
