(لاہور نیوز) سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کی کارروائی کے دوران دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت 34 سالہ فرمان اور 32 سالہ یاسر کے نام سے ہوئی ہے، دونوں ملزمان کو ریکوری کیلئے خیابانِ امین لے جایا جا رہا تھا کہ مبینہ طور پر ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے میں فرمان اور یاسر زخمی ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، سی سی ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ دونوں ملزمان خطرناک اور ریکارڈ یافتہ تھے اور متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
ادھر سی سی ڈی چوہنگ اور ڈاکوؤں کے درمیان ایک اور مبینہ مقابلہ بھی پیش آیا، ذرائع کے مطابق ملزم فلک شیر کو ریکوری کیلئے این ایف سی پل کے قریب لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں فلک شیر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم پچاس سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
پولیس نے تینوں ملزمان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
