(ویب ڈیسک)قومی کرکٹر عماد وسیم کی پہلی اہلیہ کو طلاق کے بعد شروع ہونے والے تنازع پر اداکارہ زارا نور عباس کا رد عمل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
اداکارہ زارا نور عباس نے نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی، اس دوران انہوں نے کرکٹر عماد وسیم اور پہلی اہلیہ کے درمیان تنازع پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس کے لیے الفاظ نہیں ہیں، یہ واقعی بہت افسوسناک ہے، کسی بھی حالات میں طلاق ایک دکھ بھرا واقعہ ہے لیکن جب بچے بھی اس میں شامل ہوں تو یہ پوری نئی نسل پر اثر ڈال سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ انٹرنیٹ پر موجود ہے اور وہ بچے ایک دن اسے دیکھیں گے۔
زارا نور عباس کا مزید کہنا تھا کہ جب شادی ٹوٹتی ہے اور دونوں لوگ میڈیا پر اس کے بارے میں بات کرتے ہیں تو یہ کبھی بھی اچھا نہیں لگتا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے 16 فروری کو سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی۔
عماد وسیم نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ماضی کی زندگی، بچوں اور دوسری شادی سے متعلق تفصیلی پوسٹ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اُس رشتے کو بہتر اور حالات ٹھیک کرنے کی کوشش میں ضرورت سے زیادہ عرصے تک رہا مگر کامیاب نہ ہوسکا، اس دوران کچھ فیصلوں میں تاخیر اور غلطیاں بھی ہوئیں۔
