(لاہور نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں سال کی دوسری بڑی مندی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی، 1000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار 336 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی، انڈیکس 6200 پوائنٹس کم ہو کر رواں سال کی دوسری بڑی مندی کا شکار ہوا، تاہم ٹریڈنگ کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 5 ہزار 478 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ 67 ہزار 691 کی حد پر بند ہوا ہے۔
سٹاک ایکسچینج میں 567 کمپنیوں میں سے صرف 42 کمپنیوں میں اضافہ، جبکہ 389 کمپنیوں میں کمی ہوئی، سٹاک مارکیٹ میں 24 ارب روپے مالیت کے 46 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 999 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 73 ہزار 169 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
