(لاہورنیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور حکومت کی مؤثر پالیسیوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے عمل کو سازگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26-2025 کے سات ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع کی ترسیلات 1.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران غیر ملکی کمپنیوں کی منافع واپسی میں 27.92 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، توانائی اور مالیاتی شعبہ میں غیر ملکی کمپنیوں کے منافع کی واپسی بالترتیب 400.19 اور 371.33 ملین ڈالر ریکارڈ ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق سب سے زیادہ منافع کی واپسی برطانیہ میں 442.76 ملین اور چین میں 413.11 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
یہ اضافہ پاکستان کی مستحکم معاشی رفتار اور سرمایہ کاری کیلئے بہتر ماحول پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور کاروباری ماحول میں آسانیاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت دے رہی ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد معاشی استحکام کی علامت ہے۔
