(لاہور نیوز) لاہور میں ٹرانسپورٹرز کو لین ڈسپلن پر عملدرآمد کیلئے 15 دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی شاہد جاوید نے واضح کیا ہے کہ ایک ہی بس کو مسلسل پانچ لین وائیلیشن ٹکٹ جاری ہونے کی صورت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ خلاف ورزی کی گئی تو متعلقہ گاڑی کی ہائی وے پر انٹری بند کر دی جائے گی۔ یہ فیصلہ ڈی آئی جی شاہد جاوید کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہونے والی اہم کوآرڈینیشن میٹنگ میں کیا گیا۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹرز مالکان نے اپنی سفارشات پیش کیں جبکہ موٹروے پولیس نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی آئی جی سینٹرل زون نے ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹرز اپنا مؤثر میکنزم تشکیل دیں اور ہفتہ وار بنیادوں پر ڈیٹا اکٹھا کریں۔
مزید ہدایت کی گئی کہ ڈرائیورز کو باقاعدہ بریفنگ دی جائے اور مسلسل ڈرائیونگ کا دورانیہ پانچ گھنٹے مقرر کیا جائے تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ ٹریکرز اور ڈیش کیم تک مکمل رسائی موٹروے پولیس کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
حکام نے لین وائیلیشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ٹرانسپورٹرز مالکان نے بھی موٹروے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
