(لاہور نیوز) لاہور میں پہلی بار رہائشی عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ابتدائی مرحلے میں پانچ مرلہ تک کے رہائشی نقشے آئندہ ہفتے سے اے آئی کے ذریعے چیک کئے جائیں گے، ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں آن لائن جمع ہونے والے نقشوں کی تصدیق اب اے آئی سسٹم کرے گا، اگر نقشہ بلڈنگ اینڈ زوننگ قوانین کے مطابق ہوا تو سسٹم فوری طور پر چالان جنریٹ کر دے گا، جبکہ خلافِ ضابطہ نکات کی صورت میں آن لائن اعتراضات جاری کئے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلڈنگ اینڈ زوننگ قوانین کی مکمل تفصیلات اے آئی سسٹم میں فیڈ کر دی گئی ہیں اور شعبہ ٹاؤن پلاننگ کا ان ہاؤس ڈیمو کامیاب قرار دیا گیا ہے، ڈی جی ایل ڈی اے کو آئندہ ہفتے باضابطہ پریزنٹیشن دی جائے گی۔
پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر رہائشی سیکٹر میں اس نظام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو لاہور سمیت ملک میں تعمیراتی شعبے میں اے آئی کے استعمال کی پہلی مثال ہو گا، حکام کے مطابق اس اقدام سے منظوری کے عمل میں شفافیت، تیزی اور انسانی مداخلت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
