(لاہور نیوز) ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے رات گئے ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈویژن کے تمام تھانہ جات کی حدود میں سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے، ایس پی ماڈل ٹاؤن نے فیلڈ میں موجود افسران سے بریفنگ لی اور جاری کارروائیوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ سرچ آپریشنز کی خود نگرانی یقینی بنائیں اور تمام کارروائیاں مربوط حکمت عملی کے تحت مکمل کی جائیں، ایس پی کا کہنا تھا کہ مشکوک افراد اور موٹرسائیکلوں کی چیکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں اور افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ چیکنگ اخلاقیات کا دامن ہرگز ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے اور شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔
ایس پی شہربانو نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت موجود ہے اور شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
