(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔
حکومتی اعلان کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا، ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ 15 فروری کو شیڈول ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حکومت پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے باضابطہ طور پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا جو پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی بی کے نمائندوں کے درمیان ہوئے۔
حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کو دی گئی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک سے بات چیت کا جائزہ لیا ہے۔
مذکورہ خط و کتابت میں پاکستان کی زیر قیادت حالیہ چیلنجز کا قابل عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی۔
حکومت پاکستان بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے، ہم برادر ملک بنگلہ دیش کی طرف سے اظہار تشکر کا بڑی گرمجوشی کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
کثیر الجہتی بات چیت و مشاورت کے نتیجے میں حکومت، پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق میدان میں اترنے کی ہدایت کرتی ہے۔
مزید برآں یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، اس عالمی کھیل کے تسلسل کی حمایت اور اس میں شریک تمام ممالک کی خاطر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم اور پاکستانی عوام "مین ان گرین" کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم کھیل کے جذبے اور قومی فخر سے عالمی سطح پر قومی شان کیلئے میدان میں اترے گی۔
