(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بیمار بھینسوں اور بکریوں کا مضرِ صحت گوشت مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی گھناؤنی سازش ناکام بنا دی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے احکامات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بکر منڈی میں کامیاب آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی مذبح خانے سے 205 کلوگرام مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا جبکہ 2 کیمیکل ڈرم، 31 ہکس اور دیگر آلات ضبط کر لیے گئے۔ بیمار بکریوں کا گوشت تیار کرتے ہوئے قصابوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق گوشت ایک غیر قانونی مذبح خانے میں باتھ روم کے سامنے اور زمین پر تیار کیا جا رہا تھا جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک تھا۔ موقع پر موجود ویٹنری سپیشلسٹ نے جانوروں کا تفصیلی معائنہ کیا اور گوشت کو انسانی استعمال کے لیے مضر قرار دیا۔
معائنے کے دوران مذبح خانے میں صفائی کے ناقص انتظامات، لازمی ریکارڈ کی عدم موجودگی اور حشرات کی بھرمار بھی پائی گئی۔ حکام کے مطابق یہ مضر صحت گوشت تیاری کے بعد فروخت کے لیے سپلائی کیا جانا تھا تاہم بروقت کارروائی سے ترسیل ناکام بنا دی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ گوشت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید اور آسان ایس او پیز متعارف کروائے گئے ہیں اور جعلسازی کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مسلسل مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کی عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں جبکہ صحت دشمن مافیا کو خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
