(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر کو بسنت کی تقریب منانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
نِدا یاسر پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ہیں اور انسٹاگرام پر اُن کے فالوورز کی تعداد 24 لاکھ ہے، وہ گزشتہ تقریباً 18 برس سے مارننگ پاکستان کی میزبانی کر رہی ہیں۔
نِدا یاسر عموماً گفتگو پر مبنی شوز کرتی ہیں اور اپنے متنازع بیانات کے باعث اکثر سوشل میڈیا پر میمز اور تنقید کی زد میں رہتی ہیں۔حالیہ دنوں میں وہ پہلے ہی مختلف متنازع مباحث پر تنقید کا سامنا کر رہی تھیں، ایسے میں انہوں نے اپنے شو میں بسنت منانے کا فیصلہ کیا۔
آج نِدا یاسر نے اپنے مارننگ پاکستان میں بسنت اسپیشل شو کیا، جس پر مزید تنقید سامنے آئی، اس شو میں انہوں نے معروف پاکستانی کوریوگرافر نگاہ جی، سعدیہ امام، کرن خان، گلوکار جنید سمیت دیگر مہمانوں کو مدعو کیا، جہاں سب نے بسنت کے تہوار پر گفتگو کی۔
لاہور میں جاری بسنت کی تقریبات کے سلسلے میں نِدا یاسر نے گانے ’شکر ونداں رہ‘ پر رقص کے اسٹیپس بھی سیکھے جب کہ شو میں نِدا یاسر اور دیگر فنکاروں نے رقص کیا اور بسنت منائی۔
لاہور میں ہونے والی بسنت تقریبات پر نِدا یاسر کے حد سے زیادہ جوش نے شدید ردِعمل کو جنم دیا۔
