(لاہور نیوز) سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف نے ترلائی، اسلام آباد میں عبادت گاہ پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور دلخراش واقعہ قرار دیا ہے۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسجد کے اندر تقریباً 32 معصوم نمازیوں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، یہ حملہ پاکستان میں رواداری، امن اور ترقی کے سفر پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس المناک سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ان کی تمام ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
