(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بسنت کے موقع پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تیار کردہ 27 نکاتی سیفٹی پلان لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق بجلی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے لیسکو ہیڈکوارٹر میں سینٹرل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر قائم کیا جائے گا، جبکہ حکومت سے کوآرڈینیشن کیلئے کمشنر آفس میں بھی ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کنٹرول رومز میں تین شفٹوں کے تحت ایس ڈی اوز 24 گھنٹے موجود رہیں گے، لاہور والڈ سٹی میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے داتا دربار ڈویژن میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔
لیسکو انتظامیہ نے بسنت کے دنوں میں تمام آپریشنل اور فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، پبلک سیفٹی کے پیش نظر 132 کے وی کے تمام گرڈ اسٹیشنز پر ایکسین 24 گھنٹے موجود رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کی تمام سب ڈویژنز میں بجلی سے متعلق شکایات کیلئے 111 ہیلپ لائن فعال رہے گی، فوری رابطے کیلئے لیسکو کے 136 ایکسین اور ایس ڈی اوز کے نمبرز متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ شیئر کر دیئے گئے ہیں۔
لیسکو نے واضح کیا ہے کہ انفراسٹرکچر اور عوامی تحفظ سے متعلق تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا، اور کوئی بھی سٹاف ممبر کرنٹ ختم کئے بغیر تاروں سے گڈی نہیں اتارے گا۔
ہائی رسک ایریاز میں بجلی کے نظام کے حوالے سے خصوصی سروے بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے دوران شاہ عالم مارکیٹ، لبرٹی مارکیٹ، اچھرہ بازار اور مون مارکیٹ میں خراب تاروں کی نشاندہی کی گئی، ان علاقوں میں مجموعی طور پر 46 ہائی رسک پولز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
