(لاہور نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ صاف پانی میں غلاظت پھینکی جاتی ہے اور وہی پانی سب پی رہے ہیں۔
آبی ذخائر کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ماحول کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہمارے پاس ایک ایسا سیارہ ہے جس میں زندگی گزارنے کیلئے ہر چیز موجود ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ نباتات کی زندگی بھی ضروری ہے، جنگلی حیات انسانی زندگی کیلئے بہت اہم ہیں، ہم جو قدرت پر ظلم کر رہے ہیں اس پر قابو پانا ہو گا، صاف پانی میں بڑی مقدار میں فضلہ شامل ہو رہا ہے، صاف پانی میں غلاظت پھینکی جاتی ہے اور وہی پانی سب پی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضائی اور آبی آلودگی موجودہ دور کے بڑے مسائل ہیں، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں، پرندے ہمیشہ صاف جگہ پر نقل مکانی کرکے آتے ہیں، اسلام آباد اور لاہور میں نئی آبادیاں بننے سے اکثر راستوں کا پتہ نہیں چلتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیمز بنانا وقت کی ضرورت ہے، ہم آئندہ دو سال میں ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے جا رہے ہیں، فضلہ کو ٹھکانے لگانے کا طریقہ کار بھی طے کریں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ کئی قدرتی جھیلوں کے کنارے تعفن پھیلا ہوتا ہے جس سے بدبو آتی ہے، ہم اس کو ختم کریں گے، یہ صرف پانی جھیل اور کشتیاں نہیں بلکہ زندہ رہنے کا ایک طریقہ ہے۔
