ریسکیو 1122 کے پورے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے وسائل فراہم کریں گے، مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 کے پورے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔
صوبائی دارالحکومت میں آتشزدگی اور بلڈنگ سیفٹی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریسکیو اداروں کی بروقت کارروائی قابل تعریف ہے، گل پلازہ کےمتاثرین کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں، ہماری طرف سے کوئی مدد چاہیے تو ضرور کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک بلڈنگ میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا، ریسکیو 1122کی ٹیم کو شاباش دیتی ہوں، امدادی کارروائیوں کے لیے سیف سٹی منصوبے سے بہت مدد ملی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور کے ہوٹل میں لگنے والی آگ سے تین لوگ جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد کے لیے ہوٹل مالک ایک،ایک کروڑ کا اعلان کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ ریسکیو1122 کے پورے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے وسائل فراہم کریں گے جو شہریوں کےجان ومال کے تحفظ کے لیے اہم کردارادا کر رہی ہے، فائر فائٹنگ کے تمام آلات فعال اوراپ گریڈ ہونے چاہئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کسی بھی صورتحال میں مشکلات سے بچنے کے لیے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، عمارتوں میں فائرالارم سسٹم کی تنصیب اور فرسٹ ایڈ کو بھی یقینی بنایا جائے۔
