(لاہور نیوز) ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب پولیس کی جانب سے قائم چیکنگ پوسٹ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس پر پولیس اور ٹریفک حکام نے اصلاحی اقدامات شروع کر دیئے۔
پولیس کے مطابق لاہور میں داخل ہوتے وقت درمیان میں رکھے گئے بیریئرز کو ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے باہر جانے والی ٹریفک کے روٹس سے بھی تمام بیریئرز ختم کر دیئے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ سے لاہور میں داخل ہوتے وقت چیکنگ پوسٹ کے بعد تاحال ایک ناکہ موجود ہے، جس کیلئے اب درمیان میں بیریئرز رکھنے کے بجائے بیریئرز کو لین اسسٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک بلاک ہونے سے بچایا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو تجویز بھیج دی گئی ہے کہ جلد ہی ان بیریئرز کی جگہ کونز لگا دیئے جائیں گے، جس سے ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور میں داخلے کے مقام پر یہ ناکہ ڈی آئی جی اور سکیورٹی ڈویژن کے احکامات پر قائم کیا گیا تھا، جس کا مقصد شہر میں داخل ہونے والی مشکوک گاڑیوں اور افراد کی شناخت کرنا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ پر موجود بس اڈوں سے نکلنے والی ہیوی گاڑیاں بھی بعض اوقات ٹریفک بلاک ہونے کا سبب بنتی ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ چیکنگ پوائنٹ پر سیف سٹی کے جدید کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں، جن کی مدد سے مشکوک گاڑیوں اور جرائم پیشہ افراد کی شناخت ممکن ہو سکے گی، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشکوک گاڑی یا شخص کی صورت میں فوری الرٹ جاری ہو گا، جس کے بعد ناکے پر بروقت کارروائی کی جا سکے گی۔
