(ویب ڈیسک) پنجاب بھر کے 30 ہزار سے زائد تعلیمی اداروں کو سیف سٹی کے جدید سکیورٹی سسٹم سے منسلک کر دیا گیا۔
اس منصوبے کے تحت سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے نمائندگان دن میں تین مرتبہ سیفٹی ایپ کے ذریعے اداروں کی سکیورٹی صورتحال اپڈیٹ کریں گے۔
حکام کے مطابق پنجاب کے سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں کی سکیورٹی اب ایک کلک پر چیک کی جا سکے گی، اس مقصد کیلئے ورچوئل سینٹر فار ایجوکیشنل سکیورٹی کو باقاعدہ طور پر آپریشنل کر دیا گیا ہے، منصوبے کے تحت 30 ہزار تعلیمی اداروں کے ایک لاکھ 30 ہزار اساتذہ اور سکیورٹی سٹاف کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ تعلیمی اداروں کے عملے کیلئے پبلک سیفٹی ایپ انسٹال کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سیف سٹی کے پینک بٹنز کی تعلیمی اداروں میں تنصیب کا کام بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ورچوئل سینٹر فار ایجوکیشنل سکیورٹی نہ صرف تعلیمی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ مختلف واقعات کی تفتیش میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
