(لاہور نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قلت کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق منڈیوں میں طلب کے مقابلے میں سپلائی تقریباً 50 فیصد کم ہونے کے باعث ٹماٹر کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، شہر لاہور میں ٹماٹر کی یومیہ طلب 450 ٹن ہے، جبکہ اس وقت ٹماٹر کی سپلائی محض 20 سے 25 ٹن یومیہ تک محدود ہو چکی ہے، جو طلب کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔
ٹماٹر کی زیادہ تر سپلائی سندھ سے لاہور، پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں کی جا رہی ہے، تاہم موسمی شدت نے سپلائی چین کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی کے باعث ٹماٹر کی فصل متاثر ہوئی ہے، جبکہ دھند کی وجہ سے ٹرانسپورٹ میں مشکلات درپیش ہیں، جس کے باعث بروقت سپلائی ممکن نہیں ہو پا رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق بادامی باغ سبزی منڈی میں ٹماٹر کی یومیہ کھپت 45 ٹرک ہے، تاہم 15 جنوری کے بعد سے اوسطاً صرف 20 ٹرک یومیہ منڈی پہنچ رہے ہیں، جس سے قلت مزید بڑھ گئی ہے۔
ماہرین اور مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیمانڈ اور سپلائی کے اس واضح گیپ کے باعث ٹماٹر کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اگر صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سپلائی بہتر بنانے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
