(ویب ڈیسک)موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملکی تجارت کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ غذائی اجناس ، سبزیوں ، خشک میوہ جات اور پلاسٹک سمیت تمام بڑے شعبوں کی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ششماہی میں بڑے شعبوں کی برآمدات گر گئیں۔ سرکاری دستاویز کے مطابق 2025 میں جولائی سے دسمبر تک غذائی اجناس کی برآمدات میں 40.29 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ۔ ان چھ ماہ میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 2 ارب 36 کروڑ ڈالر رہا۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں حجم تقریباً 4 ارب ڈالر تھا ۔
دستاویز کے مطابق مالی سال 2025-26 کے پہلے 6 ماہ کے دوران چاول کی برآمدات میں 49.9 فیصد کی بڑی کمی آئی۔ سبزیوں کی برآمد میں 36.8 فیصد جبکہ مقامی خشک میوہ جات کی برآمد میں سب سے زیادہ 63.78 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹرانسپورٹ کے سامان کی برآمدات میں بھی 36.51 فیصد کمی ہوئی۔
دستاویز کے مطابق جولائی تا دسمبر ، پلاسٹک کے سامان کی برآمد میں 43.66 فیصد کی کمی دیکھی گئی ۔ فارماسیوٹیکل کی برآمدات میں 28.67 فیصد کمی واقع ہوئی ۔ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 0.90 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ۔ جس کا حجم 9 ارب 16 کروڑ ڈالر تھا ۔
