سہیل آفریدی کی جانب سے فساد کرنے کی فوٹیجز ریکارڈ پر موجود ہیں، عظمیٰ بخاری
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے آگ لگانے اور فساد کرنے کی فوٹیجز ریکارڈ پر موجود ہیں۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق جرائم باقاعدہ ریکارڈ پر موجود ہیں اور ان واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق کی جا رہی ہے، نہ کہ سیاسی انتقام کے تحت۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں رانا ثنا اللہ، سعد رفیق اور دیگر ن لیگی رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، تاہم موجودہ حکومت کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنانا چاہتی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے بعض صحافی دراصل پروپیگنڈا سیل کے ممبرز کے طور پر کام کر رہے ہیں، انقلاب عوام کے سامنے نکل کر آتا ہے، زبردستی ٹرک روک کر جلسے نہیں کئے جاتے، اور اس کے باوجود پی ٹی آئی کو اب تک کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سہیل آفریدی کو لاہور میں مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی اور وہ اپنے دورہ لاہور کے دوران اپنی مرضی سے ہر جگہ گئے، فرانزک لیب رپورٹس میں سہیل آفریدی کی واضح فوٹیجز موجود ہیں، جن میں آگ لگانے اور فساد کرنے کے مناظر آج بھی ریکارڈ پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو لاہور سمیت مختلف شہروں میں ہونے والے ہنگاموں کی فوٹیجز کی فرانزک جانچ ہو چکی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکن خود وی لاگز اور فیس بک پوسٹس کے ذریعے ان واقعات کو دستاویزی شکل دیتے رہے۔
عظمیٰ بخاری نے علامہ راجہ ناصر عباس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی باتوں پر تو شدید تکلیف ہوتی ہے، لیکن خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم کی خراب صورتحال پر ان کی نظر نہیں جاتی، جہاں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آج تک 9 مئی کے واقعات کو فالز فلیگ قرار دیتی ہے، حالانکہ ان کے آڈیو پیغامات، ویڈیوز اور چہروں و آوازوں کی فرانزک رپورٹس موجود ہیں، پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگانے جیسے سنگین واقعات بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سیاست کو بدنام کرنے والے عناصر کی پوری سیاست فساد پر اکسانے کے گرد گھومتی ہے، سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے گراؤنڈ کی پیشکش کی، مگر پی ٹی آئی نے سڑک پر جلسہ کرنے پر اصرار کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو دوبارہ انتشار اور فساد کا منصوبہ بنا رکھا ہے، تاہم کسی کو بھی قانون کو اپنے گھر کی باندی بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اگر کوئی ہیرو بننے کیلئے حفاظتی حصار توڑے گا تو قانون کے مطابق اس سے نمٹا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے صوبے میں صحت، تعلیم اور سکولوں کی حالت انتہائی خراب ہے، کئی سکول ایسے ہیں جن کی باؤنڈری تک موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے منصوبوں کی نقل کر رہی ہے، حتیٰ کہ اب مونوگرام بنانے میں بھی پنجاب کی پیروی کی جا رہی ہے، خدا کا واسطہ ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا چند دن اپنے صوبے میں بھی گزاریں اور عوامی مسائل پر توجہ دیں۔
