(لاہور نیوز) کسٹمز انفورسمنٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایلومینیم کی آڑ میں ممنوعہ دھات کیڈمیم کی سمگلنگ کا انکشاف کر دیا۔
کارروائی کے دوران دو ٹن سے زائد مضر اور ممنوعہ دھات کیڈمیم قبضے میں لے لی گئی، کسٹمز حکام کے مطابق ممنوعہ دھات کیڈمیم کو این ایل سی ڈرائی پورٹ سے ایلومینیم کے نام پر کلیئر کروایا گیا تھا۔ شک کی بنیاد پر کسٹمز انفورسمنٹ نے ڈرائی پورٹ کے باہر کنٹینر کو چیک کیا، جہاں جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ کنٹینر میں ایلومینیم کے بجائے ممنوعہ دھات کیڈمیم موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مضر دھات مصنوعی جیولری بنانے کے لیے امپورٹ کی گئی تھی، حالانکہ دنیا بھر میں انسانی استعمال کے لیے کیڈمیم کو انتہائی خطرناک اور ممنوع قرار دیا جا چکا ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق پاکستان میں کیڈمیم کی امپورٹ کے لیے متعلقہ حساس ادارے کا این او سی لازمی ہے، جو اس کھیپ کے لیے حاصل نہیں کیا گیا تھا۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر کسٹمز انفورسمنٹ نے دو ٹن سے زائد کیڈمیم ضبط کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے غیر قانونی اور خطرناک دھاتوں کی سمگلنگ کے خلاف سخت نگرانی کا واضح پیغام دیا گیا ہے۔
