(لاہور نیوز) شہر میں بڑھتے ہوئے سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی چور و ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔
یہ کارروائی داتا دربار ڈولفن ٹیم نے دورانِ پٹرولنگ گورا قبرستان کے قریب مشکوک افراد کو دیکھ کر کی۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان شہریوں کی ریکی کر کے ٹارگٹڈ وارداتیں کرتے تھے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں، میگزین، کٹر، پلاس اور دیگر وارداتوں میں استعمال ہونے والے ٹولز برآمد کر لئے گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت لقمان، معظم اور عاصم کے ناموں سے ہوئی ہے، جو 19 سے زائد ڈکیتی، چوری اور گینگز کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے۔
ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے تھانہ داتا دربار کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی ڈولفن کا کہنا ہے کہ سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے جامع حکمتِ عملی پر عمل کیا جا رہا ہے اور شہر کے کرائم ہاٹ سپاٹس پر مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔
