لاہور: (محمد اشفاق)لاہور ہائیکورٹ نے بیوی سے زبردستی غیر فطری جنسی تعلقات قائم کرنے اور نازیبا ویڈیوز بنانے والے ملزم کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم نے ملزم عون محمد کی عبوری ضمانت پر 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے بیوی کو غیر فطری جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا اور ملزم نے بیوی کی نازیبا تصاویر بھی بنائی جبکہ درخواستگزار کے مطابق گھریلو جھگڑوں کے باعث بیوی نے مقدمہ درج کرایا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شریعت کے مطابق بیوی سے غیر جنسی تعلقات قائم کرنا ممنوع ہے، عبوری ضمانت ایک غیر معمولی ریلیف ہے جو غیر معمولی حالات میں دیا جاتا ہے، ریکارڈ کے مطابق وقوعے کی تین ماہ تاخیر کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق شوہر نے شادی کے فوری بعد بیوی پر تشدد اور ہراسمنٹ شروع کر دی لیکن شکایت کنندہ نے کسی فورم پر کوئی رجوع نہیں کیا، یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ شکایت کنندہ کے دل میں شوہر کے لئے کوئی رنجش موجود تھی، ان حالات میں ممکن ہے کہ شکایت کنندہ نے درخواست گزار کو ازدواجی تنازع میں دباؤ ڈالنے کیلئے جھوٹے کیس میں ملوث کیا ہو۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ نے شوہر پر غیر فطری جنسی تعلقات قائم کرنے کے الزامات لگائے لیکن میڈیکل رپورٹ اور ڈی این اے رپورٹ میں ایسی کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی، درخواست گزار کی حد تفتیش مکمل ہے اور درخواست گزار پر ضمانت کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام نہیں ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کی عبوری ضمانت کی 5 لاکھ ضمانتی مچلکوں کے عوض توثیق کر دی۔
