(ویب ڈیسک) نادرا نے پاکستان میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے ایک اہم اقدام کیا ہے۔
اب گاڑی خریدنے یا فروخت کرنے والے افراد کو بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی، پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی مدد سے گاڑی کی ٹرانسفر کیلئے بائیو میٹرک تصدیق گھر بیٹھے کی جا سکے گی۔
پاکستان میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران بائیو میٹرک تصدیق ایک لازمی عمل ہے، جس سے خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی شناخت کی تصدیق کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی جعلسازی یا دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔
اب نادرا نے ایک نئی سہولت فراہم کی ہے جس کی بدولت رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان اپنی ٹرانسفر کے عمل کی بائیو میٹرک تصدیق گھر بیٹھے کروا سکتے ہیں۔
اس سہولت کا فائدہ اٹھانے کیلئے گاڑی کے خریدار اور فروخت کنندہ کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرنا ہو گی، ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں افراد کو متعلقہ نادرا دفتر جا کر صرف ٹرانسفر کی بقیہ کارروائی مکمل کرنی ہو گی۔
