(لاہور نیوز) بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کے نتیجے میں لاہور پولیس نے سال 2025 کے دوران 29 ہزار 537 ملزمان کو گرفتار کیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں میں 23 ہزار 416 مقدمات درج کئے گئے، جو رواں سال کی سب سے بڑی قانونی کارروائیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور کے چھ ڈویژنز میں بڑی تعداد میں ملزمان پکڑے گئے، جن میں کینٹ ڈویژن میں 10,370 بجلی چور گرفتار، صدر ڈویژن میں 5,990 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 4,548 گرفتاریاں، اقبال ٹاؤن میں 3,669 جبکہ سٹی ڈویژن میں 3,550 ملزمان اور سول لائنز ڈویژن میں 1,410 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پولیس تمام کارروائیوں میں مکمل قانونی معاونت فراہم کر رہی ہے اور بجلی چوری کی کسی بھی شکایت پر فوری ایکشن یقینی بنایا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ مہم آئندہ ہفتوں میں مزید سخت کی جائے گی، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بجلی چوری کی نشاندہی میں پولیس کا ساتھ دیں تاکہ شہر کو اس سنگین جرم سے پاک کیا جا سکے۔
