(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بوگس انوائسز اور فیک سیلز کے ذریعے ٹیکس چوری کرنے والے افراد کے خلاف الرٹ جاری کر دیا۔
ایف بی آر نے اپنے ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کو دوبارہ متحرک کر دیا ہے تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کی روک تھام کی جا سکے۔
ریجنل ٹیکس آفس لاہور نے 4 سپیشل فیلڈ سکواڈز تشکیل دے دیئے ہیں، جن میں ہر سکواڈ 5 ارکان پر مشتمل ہو گا، یہ سکواڈز ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کی زیر قیادت کام کریں گے۔
سکواڈز کو سیلز ٹیکس ایکٹ اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ کے تحت خصوصی کارروائیاں کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، جن میں بوگس انوائسز، فیک سیلز و پرچیز اور دھوکہ دہی سے ٹیکس چوری کی نگرانی شامل ہے، روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ کارروائیاں کی جائیں گی اور رپورٹس جمع کرائی جائیں گی۔
اس کریک ڈاؤن میں ٹریڈ چینز، گوداموں، ہول سیل مارکیٹس اور صنعتی یونٹس کی چیکنگ کی جائے گی اور فراڈ نیٹ ورک، بے نامی کاروبار اور غیر قانونی ٹیکس کریڈٹ کلیمز کی چھان بین بھی کی جائے گی۔
