(لاہور نیوز) لاہور سمیت دیگر شہروں میں منافع خور مافیا کی من مانیوں نے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔
ضلع انتظامیہ کے جاری کردہ سرکاری نرخوں کے باوجود سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پیاز کی سرکاری قیمت 155 روپے فی کلو ہے، لیکن یہ مارکیٹ میں 240 روپے فی کلو کے قریب فروخت ہو رہی ہے، ٹماٹر کی قیمت بھی 170 روپے فی کلو کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 200 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
اس کے علاوہ لہسن کی قیمت 550 روپے فی کلو، ادرک 650 روپے فی کلو اور لیموں 160 روپے فی کلو کے قریب فروخت ہو رہے ہیں، جو کہ عوام کی قوت خرید سے باہر ہو گئے ہیں، دیگر سبزیوں میں کریلے 120 روپے، شلجم 150 روپے اور بھنڈی 180 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جو قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کیلئے مہنگی ہو چکی ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، انار کی قیمت 950 روپے فی کلو، سیب 450 روپے، پپیتا 350 روپے اور جاپانی پھل 300 روپے فی کلو تک پہنچ چکے ہیں۔
مرغی کا گوشت بھی اب تک مہنگا ہو چکا ہے، جہاں برائلر گوشت کی قیمت میں مزید 22 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے، اب برائلر گوشت کی قیمت 439 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جبکہ صاف گوشت 520 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے، زندہ برائلر کی قیمتیں بھی کم نہیں ہوئیں، ہول سیل پر قیمت 289 روپے فی کلو اور پرچون میں 303 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
اس کے علاوہ فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے، انڈوں کی قیمت 1 روپے بڑھ کر فی درجن 342 روپے ہو گئی ہے، جبکہ انڈوں کی پیٹی مارکیٹ میں 10 ہزار 140 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
