(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے گارمنٹس سٹی کی بلڈنگز کو لیز پر دینے کی منظوری دے دی ہے۔
قائداعظم بزنس پارک میں موجود جدید سٹچنگ یونٹس سرمایہ کاروں کو لیز پر دیے جائیں گے۔ گارمنٹس سٹی منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب 18 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
حکومت نے لیز کی مدت 30 سال مقرر کی ہے اور توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ کرایہ 21 روپے فی مربع فٹ ماہانہ ہوگا، اور لیز کی بولی کے ذریعے مقابلہ کیا جائے گا۔ پاک-چین مشترکہ منصوبوں کے لیے کرایہ میں 50 فیصد رعایت بھی دی گئی ہے۔ کرایہ میں ہر سال 10 فیصد اضافہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بلڈنگز صرف گارمنٹس ایکسپورٹ کمپنیوں کو دی جائیں گی اور لیز لینے والی کمپنیاں 12 ماہ کے اندر کمرشل پیداوار شروع کرنے کی پابند ہوں گی۔ محکمہ خزانہ نے لیز معاہدے میں عدم تعمیل پر جرمانے کی شق شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔
لیز لینے والی کمپنیوں کے لیے کم از کم 2 ملین ڈالر سالانہ برآمدات کی شرط رکھی گئی ہے، اور تیسرے سال سے 3.5 ملین ڈالر سالانہ برآمدات یقینی بنانا لازمی ہوگا۔ دو سال مسلسل اہداف پورے نہ کرنے پر لیز منسوخ کر دی جائے گی۔
