28 Oct 2025
(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے اے ایم آئی سنگل فیز سمارٹ میٹر کی قیمت 14 ہزار 786 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
کمپنی کی مقرر کردہ قیمت پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) اضافی عائد کیا جائے گا، شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے پرچیز آرڈر جاری کرنے سے قبل ڈائریکٹر کسٹمر سروسز کو مراسلہ ارسال کیا جس میں سمارٹ میٹر کی قیمت سے آگاہ کیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق کیبل چارجز کے لیے قیمت ریجنل سٹور مینیجر کے دفتر سے جاری فہرست کے مطابق وصول کی جائے گی، قیمت میں اضافے کے بعد سنگل فیز سمارٹ میٹر کے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق صارفین کو سنگل فیز سمارٹ میٹر کے لیے تقریباً 20 ہزار روپے جمع کروانا ہوں گے، اس وقت کمپنی نے سنگل فیز سمارٹ میٹرز کی خریداری کا عمل آؤٹ سورس کر رکھا ہے۔
