(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری کے خاتمے اور بڑے پلازوں و کمرشل پراپرٹیز مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ڈی جی ایکسائز نے کمرشل پراپرٹیز کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا ہے، پنجاب بھر میں ساڑھے 7 لاکھ کمرشل پراپرٹیز مالکان ٹیکس ادا کر رہے ہیں، تاہم سالانہ پراپرٹی ٹیکس کا صرف 40 فیصد وصول ہوتا ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق جائزے کا مقصد ٹیکس چوری کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے اور ابتدائی طور پر بڑے شہروں میں اس عمل کا آغاز کیا جائے گا، خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر موجودہ ٹیکس اور جائیداد کے ریکارڈ کی جانچ کی جائے گی۔
پنجاب میں 25 لاکھ سے زائد کمرشل اور نان کمرشل ٹیکس ایبل پراپرٹیز موجود ہیں، رواں سال کے پہلے ساڑھے 3 ماہ میں لاہور سے 80 ہزار نئی پراپرٹیز سسٹم میں شامل کی گئی ہیں جبکہ پنجاب بھر سے 80 ہزار سے زائد نئی پراپرٹیز شامل کی گئیں۔
ایکسائز حکام نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونے والے بقایا جات کی وصولی اور ٹیکس چوری کروانے والے ملازمین کے خلاف بھی سخت اقدامات کئے جائیں گے، اگلے ماہ سے کمرشل پراپرٹیز کے جائزے کیلئے ٹیمیں کام شروع کر دیں گی۔
