(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر اجنیاوالہ میں بڑی کارروائی کے دوران جعلی دودھ تیار کرنے والا گروہ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
کارروائی کے دوران 5 ہزار لٹر جعلی دودھ، 400 لٹر مکسچر، پاؤڈر، ناقص گھی اور دہی موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران دو چلر، فریزر، سپلائر گاڑیاں، اسٹیل کین، ٹیبل، سلنڈر اور چولہا ضبط کر لیا گیا، کارروائی کے نتیجے میں تین ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ ایک طویل ریکی کے بعد رہائشی علاقے میں قائم اس خفیہ فیکٹری کو بے نقاب کیا گیا جہاں پاؤڈر، پانی اور گھی ملا کر جعلی دودھ تیار کیا جا رہا تھا، یہ دودھ رات گئے تیار کر کے فجر کے وقت شہر کی مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ جعلی دودھ میں استعمال ہونے والے کیمیکلز اور اجزاء انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں، جو بچوں اور بڑوں میں پیٹ، معدہ اور آنتوں کی خطرناک بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
عاصم جاوید نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں اور جعلی دودھ کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود مشتبہ افراد یا جعلی خوراک تیار کرنے والے عناصر کی اطلاع فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 یا فیس بک پیج پر ان باکس کر کے دیں۔
