(ویب ڈیسک) محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی اینڈ ڈبلیو) نے صوبے کے 24 اضلاع میں 38 ٹول پلازوں کو ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمے کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکٹرانک ٹول کلیکشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے گاڑیوں کی خودکار تصدیق اور شفاف ریونیو کلیکشن ممکن ہو گی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ اٹک، بہاولپور، خوشاب، گجرات، چکوال، سرگودھا، مری، اوکاڑہ، لیہ، لودھراں، ملتان، مظفرگڑھ، میانوالی، نارووال، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، وہاڑی اور گوجرانوالہ کے ٹول پلازے مرحلہ وار ڈیجیٹل کئے جائیں گے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ٹرانسپورٹ سسٹم میں شفافیت، رفتار اور جدیدیت لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
