(لاہور نیوز) پنجاب میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کیلئے 90 روزہ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ کے دوران بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اب تک 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد شہریوں کو بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر چالان کیا جا چکا ہے، جبکہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ ایک سنگین خلاف ورزی ہے اور ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ لا انفورسمنٹ اقدامات کے باعث گزشتہ 3 ماہ کے دوران حادثات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں تاکہ "محفوظ پنجاب" کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
