ایف آئی اے لاہور کی کارروائیاں، انسانی سمگلنگ،حوالہ ہنڈی میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
(لاہور نیوز) ایف آئی اے لاہور زون کی کارروائیاں، انسانی سمگلنگ اورحوالہ ہنڈی میں ملوث 3 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیے گئے۔
چھاپہ مار کارروائیاں ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں۔
گرفتار ملزمان میں سلیم، ذیشان احمد اور محمد ابرہیم شامل ہیں،ملزمان کو لاہور اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزم سلیم نے شہری کو سپین کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر 75 لاکھ روپے ہتھیائے،ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا۔ ملزم ذیشان احمد اور محمد ابرہیم حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث پائے گئے۔
ملزمان سے مجموعی طور پر 13 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے ، ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
