(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق اب تک 21 ہزار 900 سے زائد افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے، اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 7656 مرد، 4745 خواتین اور 9508 بچے شامل ہیں، جبکہ 423 غیر قانونی مقیم افراد اس وقت مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملک بدر کیے جانے والوں میں 6007 ایسے غیر ملکی بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے جبکہ افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے 10861 اور غیر قانونی طور پر مقیم 5041 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں 5 اور صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے انخلا کا عمل منظم انداز میں جاری ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں سکیورٹی الرٹ ہے اور غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا قانون کے مطابق اور انسانی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس وفاقی پالیسی کے مطابق انخلا کے عمل پر مکمل عملدرآمد کر رہی ہے۔
